تلنگانہ کے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تیسرے مرحلہ کے تحت ایسے افراد کو کورونا ٹیکہ لگایا جائے گا جنہیں وائرس کا خطرہ لاحق ہو، جیسے ڈرائیور، کنڈیکٹر، سبزی فروش، دکاندار وغیرہ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی نشاندہی کرکے خصوصی مہم کے تحت انہیں کورونا کا ٹیکہ لگایا جائے گا۔
اس سلسلہ میں ضلع کلکٹرز کو فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اضلاع سے فہرست موصول ہونے کے بعد ٹیکہ کاری کی خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے گا اور اس مقصد کےلیے خصوصی کوویڈ ویکسین مراکز قائم کئے جائیں گے۔
ریاست میں آج سے ایسے تمام افراد جنہوں نے ویکسین کا پہلا ڈوز لے لیا ہے، انہیں دوسرا ڈوز دینے کےلیے انتظامات کئے گئے۔ کے سی آر نے ایسے تمام افراد کو جنہوں نے ویکسین کا پہلا ڈوز لے لیا ہے انہیں مشورہ دیا کہ وہ قریبی سرکاری ٹیکہ کاری مرکز پر جاکر دوسرا ڈوز بھی لے لیں۔
ریاست حکومت 18 تا 44 سال کی عمر کے افراد کےلیے تقریباً 4 لاکھ ویکسن کی خوراکیں خرید چکی ہیں جبکہ جون میں مزید خواکیں حاصل کی جائیں گی۔ حکومت نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ریاست میں جولائی سے بڑے پیمانہ پر ویکسینیشن مہم شروع کی جائے گی۔