بھارت میں کورونا کیسز متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ درج کیا گیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ بھی ایسی ریاست بن گئی ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر دس ہزار سے زائد کیسز درج کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 52 اموات ہوئی ہیں۔ جس کے بعد ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر 2,094 ہوگئی ہے۔
ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 6 ہزار 446 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں اب تک اس مرض سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 40 ہزار 590 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 99 ہزار 638 کووڈ 19 کے معائنے کئے گئے تاہم اب بھی 5 ہزار 474 نمونوں کی رپورٹس کا انتظار ہے۔
ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق بہ حیثیت مجموعی ایک کروڑ 26 لاکھ نمونوں کی جانچ ریاست میں اس مرض کے پھیلنے کے بعد سے کی گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں ایک ہزار 440 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں۔ جب کہ بقیہ کیسز ریاست کے دیگر اضلاع میں درج کئے گئے ہیں۔