اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد مغربی بنگال میں بڑے پیمانے پر دل بدل کا کھیل جاری ہے جس میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کو یکطرفہ طور پر کامیابی مل رہی ہے۔ اس کھیل میں بی جے پی کے ساتھ ساتھ لفٹ فرنٹ اور کانگریس کو بھی بھاری نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چند لوگ اب بھی ترنمول کو نقصان پہنچانے کی سازش کر رہے ہیں: فیض احمد خان
شمالی 24 پرگنہ میں بی جے پی کافی نقصان ہورہا ہے۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے بیشتر رہنما ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کےلیے کوشاں ہیں۔ اسی دوران مغربی بنگال میں شمالی 24 پرگنہ کے بنگاؤں کے بی جے پی کے مشہور رہنما تپن سنہا اپنے قریبی دوست مکل رائے کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے۔ گوبر ڈانگہ ٹاؤن ہال میں پارٹی کی خصوصی میٹنگ کے دوران تپن سنہا نے ترنمول کانگریس کا جھنڈا اٹھالیا۔
ترنمول کانگریس کے رہنما مکل رائے نے کہا کہ تپن سنہا پرانے اور تجربہ کار سیاسی رہنما ہیں۔ چند دنوں تک دوسروں کے مہمان بن کر رہ رہے تھے اور اب اپنے پرانے گھر میں واپس آگئے ہیں۔بی جے پی کو چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے والے تپن سنہا نے کہا کہ مکل دا (رائے ) کو چھوڑ کر تنہا کہیں بھی رہ نہیں سکتا۔ اسی وجہ سے ان کا ہاتھ پکڑ کر ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو چھوڑ کر جانا میری سب سے بڑی غلطی تھی اور اس غلطی کو سدھارنے کے مقصد سے ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہوگیا۔