سعودی عرب کی فضائیہ نے پڑوسی ملک یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے دو ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا۔
سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق حوثی باغیوں نے ڈرون حملوں کے ذریعہ سعودی عرب کے جنوبی علاقہ قامس مشیت کو نشانہ بنایا تھا، جبکہ یہ حملہ ناکام ہوگیا، اس حملہ میں کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
قبل ازیں حوثی باغیوں کے خبری ادارہ نے بتایا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے کنگ خالد ایئربیس کو نشانہ بناتے ہوئے قامس مشیت علاقہ میں ڈرون حملے کیےگئے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ مئی کے آغاز میں حوثی باغیوں نے ریاض کے قریب تیل کی پائپ لائن کو نشانہ بنایا تھا۔
یمن میں جاری جنگ کو اقوام متحدہ نے دنیا کا بد ترین انسانی بحران قرار دیا ہے جہاں دو کروڑ 40 لاکھ آبادی میں سے تقریباً ایک تہائی کو امداد کی ضرورت ہے۔ اس جنگ میں ہزاروں لوگ ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے بیشتر عام شہری ہیں۔
حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر مزید معاشی پابندیاں عائد کردیں، اور واشنگٹن حکام کا کہنا ہے کہ ایران مبینہ طور پر خطے میں موجود امریکی اثاثوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔