ضلع کولگام کے مختلف بازاروں، سڑکوں اور گلی کوچوں سے ہوکر گزری اس ریلی میں سینکڑوں طالبات نے شرکت کی، وہیں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام بھی ریلی میں شریک ہوئے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے طالبات کا کہنا تھا کہ ’’نوجوان نسل اس بری عادت کی جانب زیادہ راغب ہو رہی ہے لہذا اس ریلی کے ذریعے ہم ان تک یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ اس ناسور کو ترک کرکے اپنے ماحول اور صحت کے ساتھ ساتھ معاشرے کو بھی بہتر بنائیں۔‘‘
ضلع ترقیاتی کمشنر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’عالمی یوم منشیات کی نسبت سے ضلع کے مختلف علاقوں میں سیمنار اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے ضلع کولگام میں بھی نوجوانوں کو نشے کی لت سے باہر نکالنے کے لئے ایک مشاوری ادارہ ’’Drug De Addiction‘‘قائم کیا گیا ہے۔ تاہم انتخابات کے دوران اس میں حفاظتی اہلکاروں کے داخل ہونے کے بعد اب تک ادارہ بند ہے۔
اس بارے میں ڈی سی کولگام کا کہنا تھا کہ وہ عنقریب ایس ایس پی کولگام سے اس بارے میں بات کرکے ’’حفاظتی اہلکاروں کو دوسری جگہ منتقل کرکے سینٹر کو از سر نو فعال بنانے کی کوشش‘‘ کریں گے۔