نمائندے کے مطابق ریلی جموں کے رانی پارک سے ہوکر پریڈ چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شامل ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے جموں کشمیر بینک میں مبینہ دھاندلیوں پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ’’پیسہ کھانے والوں کو جیل میں بند کرو‘‘ کے نعرے بلند کئے۔
اس موقع پر ڈوگرہ فرنٹ کے صدر اشوک گپتا نے الزام عائد کیا کہ ’’جموں کشمیر بنک میں جو کروڑوں کی لوٹ ہوئی ہے اس میں بڑے بڑے سیاستدان اور اعلیٰ افسران ملوث ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس گھوٹالے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش نہیں کی جارہی ہے، سرکار کو چاہے کہ وہ ان تمام لوگوں کو حراست میں بند کرے جنہوں نے بینک کا قرضہ واپس نہیں کیا ہے۔‘‘
گپتا نے ملوث افراد کے اثاثے منجمد کرنے اور انکے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ ریاستی انتظامیہ نے جے کے بینک میں باضابطگیوں اور غیر قانونی تقرریوں کے الزام میں بینک کے چیئرمین پرویز احمد کو معذول کیا تھا۔ بعد ازاں انسداد رشوت ستانی بیورو کی ایک ٹیم نے 19 جون کو انکی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کارروائی کرکے وہاں سے ’’قیمتی دستاویزات‘‘ ضبط کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔