فلم انڈسٹری میں پاپا جی کے نام سے مشہور پرتھوی راج اپنے تھیئٹر کے تین گھنٹے کے شو کے ختم ہونے کے بعد دروازے پر جھولی لے کر کھڑے تھے تاکہ شو دیکھ کر باہر نکلنے والے لوگ جھولی میں کچھ پیسے ڈال سکیں۔ان پیسوں کے ذریعہ پرتھوی راج کپور نے ایک ورکر فنڈ بنایا تھا جس کے ذریعے وہ پرتھوی تھیئٹر میں کام کرنے والے لوگوں کو ضرورت کے وقت مدد کیا کرتے تھے۔
پرتھوی راج کپورنے خود کو اپنے کام کے لیے وقف کررکھا تھا۔ایک بار اس وقت کے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے انہیں بیرون ملک جانےوالے ثقافتی وفد میں شامل کرنے کی پیش کش کی لیکن پرتھوی راج کپور نے نہرو جی سے یہ کہہ کر معذرت کرلی کہ وہ تھیئٹر کے کام کو چھوڑ کر غیر ملک نہیں جاسکتے۔
مغربی پنجاب کے لایل پور(اب فیصل آباد، پاکستان )میں 3نومبر 1906میں پیدا ہوئے پرتھوی راج کپور نے اپنی ابتدائی تعلیم لایل پور اور لاہور میں پوری کی۔
ان کے والد دیوان بشیشور ناتھ کپورپولیس سب انسپکٹر تھے ،بعد میں ان کےوالد کا تبادلہ پیشاور ہوگیا۔انہوں نے آگے کی پڑھائی پیشاور کے ایڈورڈ کالج سے کی۔
انہوں نے قانون کی پڑھائی بیچ میں ہی چھوڑ دی۔کیونکہ اس وقت تک ان کا رجحان تھیئٹر کی جانب سے ہوگیا تھا۔محض 18سال کی عمر میں ہی ان کی شادی ہوگئی تھی۔سال 1928میں اپنی چچی سے مالی مدد لے کر پرتھوی راج کپور اپنے خوابوں کے شہر ممبئی پہنچے۔