وادی کے مختلف قصبہ میں واقع بڑی جامع مساجد, درگاہوں اور خانقاہوں میں شب قدر کے عظیم الشان اور پُر رونق اجتماعات میں رات بھر فرزندان توحید عبادت و ریاضت اور نمازوں میں مصروف رہے۔
وہیں دارالحکومت سرینگر میں بھی لوگ رات بھر اللہ کے حضور سربسجود ہوکر اپنے گناہوں اور لغزشوں سے معافی طلب کرتے رہے۔
شب قدر کے حوالےسے سب سے بڑے اجتماعات آثار شریف درگاہ حضرت بل اور مرکزی جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہوئے، جن میں وادی کےاطراف و اکناف سے آئے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے رات بھر شب بیداری کی۔
وہیں لوگ نفل نمازوں، تلاوت قرآن پاک، نعت و مناجات اور خصوصی دعاؤں میں مشغول رہے۔
اس موقع پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب کے دوران مبلغ، واعظ اور علمائے کرام نے شب قدر کی فضیلت اور اہمیت کے ساتھ ساتھ عظمتِ قرآن پربھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔
شب بیداری کے دوران ایک جانب فرزندان توحید بارگاہی الٰہی میں اپنے گناہوں کی معافی کے لیے دعا کرتے رہے تو وہیں دوسری جانب ریاست جموں و کشمیر کے امن وامان، خوشحالی اور ترقی کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔