گورکھا جن مکتی مورچہ کے جنرل سکریٹری روشن گیری نے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی افواج سے وابستگی ہمیشہ سے گورکھاؤں کیلئے فخر کی بات رہی ہے۔
مگر مجھے معتبر ذرائع سے خبر ملی ہے کہ مرکزی وزارت دفاع اور انڈین فوج کے ہیڈکوارٹر نے ''گورکھا ریکوائر ڈیپوٹ‘جو دارجلنگ کے جالا پہاڑ میں واقع ہے کو بند کیا جارہا ہے۔ اس خبر سے پوری گورکھا کمیونیٹی میں ناراضگی ہے اور وہ خود کو ٹھگا ہوا محسوس کررہے ہیں۔ گیری نے یہ خط 25جون کو لکھا ہے۔''
انہوں نے خط میں لکھاہے کہ گورکھا ریکوائرڈیپوٹ جالا پہاڑ میں بھارتی فوج کی بھرتی کیلئے قدیم ترین مراکز میں سے ایک ہے۔ یہاں سے فوج میں جوانوں کی بھرتیاں کی جاتی تھیں اور یہ ملک کے قیمتی ورثے میں سے ایک ہے۔
اس دفتر سے سابق فوجی جوانوں کو بھی خدمات فراہم کرنے کے علاوہ فوج میں بھرتی بھی کی جاتی ہے۔اس دفتر سے بند ہونے سے نہ صرف فوج میں بحالی کی تمنا رکھنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ سابق فوجیوں کو بھی مشکلات ہوں گی۔
مورچہ کے جنرل سکریٹر ی نے مزیدکہاکہ جی آرڈی اور جی آر او کو دارجلنگ سے منتقل کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔خیال رہے کہ گورکھا جن مکتی مورچہ بی جے پی کی اتحاد ی جماعت ہے اور مورچہ کی مدد سے ہی بی جے پی نے دارجلنگ کی سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے۔