اندور میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کے صوبے کے صدر راکیش سنگھ نے کہا کہ کانگریس بوکھلا گئی ہے کیونکہ کسانوں کا 48 ہزار کروڑ کا قرض ہے اور کانگریس نے قرض معافی کے لئے 13 سو کروڑ منظور کیے ہیں، تو پھر یہ کیسے ہوا کہ 48 ہزار کروڑ کا قرض 13 سو کروڑ میں معاف ہو گیا، یہ جادو صرف کانگریس ہی کر سکتی ہے۔
واضح رہے کچھ دن قبل کانگریس کے رہنما کاغذ لے کر سابق وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کے گھر پہنچے تھے اور کہا تھا یہ رہے کسانوں کے قرض معافی کے نام اور پتے۔
سنگھ نے کہا کانگریس کی بوکھلاہٹ سے یقینا بھارتیہ جنتا پارٹی پھر سے حکومت بنانے جارہی ہے اور مدھیہ پردیش میں بھارتی جنتا پارٹی 26 سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ جن کسانوں کو کانگریس نے دھوکا دیا ہے اس بار وہ کسان کانگریس کو سبق ضرور سکھائیں گے۔
راکیش سنگھ نے کہا کہ میں راہل گاندھی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کے رہنما جس زعفرانی دہشت گردی کا خوف ملک اور مدھیہ پردیش کی عوام کو دکھا رہے تھے آج انتخاب آتے ہی وہ رہنما بھگوا دھاریوں کے قدموں میں نظر آرہے ہیں۔
راکیش سنگھ نے کہا کہ میں کانگریس سے سوال پوچھنا چاہتا ہوں کہ کسانوں کے 48 ہزار کروڑ کا قرض وہ 13 سو کروڑ میں کیسے معاف کر رہے ہیں۔