مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی نے پریس ریلیز میں کہا کہ کوئی شبہ نہیں کہ آنے والے دنوں میں حالات تشویشناک رخ اختیار کرسکتے ہیں ایسے حالات میں اہل ایمان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی صبر واستقامت کی راہ پر چلیں اور مایوسی اور نا امیدی کا شکار نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بڑوں اور بزرگوں نے بہت سوچ سمجھ کر اس ملک میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمیں بھی اس فیصلے پر قائم رہنا چاہیے ۔
مولانا رحمانی نے کہا کہ حالات کے دباؤ میں دین وایمان کے کسی چھوٹے سے چھوٹے حصے سے دستبردار ہونے کے لیے ہم تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلمانوں پر اس سے بھی زیادہ سخت حالات آچکے ہیں اور ایسا دور بھی گزرا ہے جب چاروں طرف اندھیرا ہی اندھیرا نظر آتا تھا، لیکن پھر اللہ پاک نے اندھیروں کے درمیان اجالے کی کرن ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اللہ کی ذات پرمکمل یقین رکھتے ہوئے اچھے اعمال کی راہ پر آگے بڑھنا چاہئے اور اس جذبے کے ساتھ کہ آنے والے چیلنجز کا ہم پوری ہمت، عزم اور حوصلے کے ساتھ مقابلہ کریں گے ۔