ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل شہر بھیونڈی کے کانگریسی رہنما منوج مہاترے قتل کے کلیدی ملزم ادے بھان عرف گڈو رام اودھ سنگھ کو اترپردیش کے ضلع سلطان پور کے كارےبن گاؤں سے کرائم برانچ (سی بی آئی) کی ٹیم نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر گرفتار کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ اس کیس میں اب تک گرفتار ہونے والے ملزمین کی تعداد 19 ہوگئی ہے، جبکہ منوج مہاترے کے قتل کیس میں بھیونڈی پولیس نے 27 ملزمان کے خلاف مکوکا کے تحت کارروائی کی تھی۔
خیال رہے کہ 14 فروری 2017 کو بھیونڈی کے نظام پور میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے ہاوس رہنما اور کارپوریٹر منوج مهاترے کی سیاسی رقابت کے سبب ان کے گھر کے نیچے بلڈنگ کے تہہ خانہ میں گولی مارکر زخمی کردیا گیا۔
اتنا ہی نہیں بلکہ زخمی کرنے کے بعد تلوار اور چاپڑ سے اس وقت تک بے رحمی سے مارتے رہے جب تک ان کی موت نہیں ہوگئی۔
حملہ آوروں نے منوج مہاترے کے ہاتھ اور جسم کے ٹکڑے کرکے موٹر سائیکل اور کار سے فرار ہوگئے تھے، جس کی وجہ سے اس قتل میں منوج مهاترے کے چچیرے بھائی پرشانت مہاترے اور دیگر افراد کو نامزد ملزم بنایا گیا تھا۔
اس کیس میں متعدد سینیئر کانگریس رہنماؤں نے بھیونڈی کا دورہ کرکے اس قتل کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
تحقیقات کے مطالبے کے بعد اس کیس کی جانچ نارپولی پولیس اور تھانہ کرائم برانچ یونٹ اور انسداد مخالف دستہ کو سونپی گئی تھی۔
بھیونڈی نارپولی پولیس نے منوج مهاترے قتل کے معاملے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 302، 143، 146، 147، 148، 149، 120 (بی) کے علاوہ آرمس ایکٹ 3، 25 (1 ب) (ع)، 27 (2 ) کے علاوہ ممبئی پولیس ایکٹ کی دفعہ 37 (1)، 135 کے ساتھ مکوکہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔