کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ انجینئرنگ اور میڈیکل میں اینٹرینس ایگزام دینے کے خواہش مند طلبا وزیر اعظم نریندر مودی کے ریڈیو پر نشر ’من کی بات‘ پروگرام میں اس بار کھلونوں پر نہیں بلکہ جوائنٹ اینٹرنس ایگزام (جے ای ای) اور نیشنل ایلیجلیٹی اینٹرنس ٹیسٹ (این ای ای ٹی) پر بات چیت چاہتے تھے۔ لیکن مسٹر مودی نے انہیں پوری طرح مایوس کیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے وزیر اعظم کے من کی بات پروگرام کے نشر ہونے کے بعد اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’جے ای ی- این ای ای ٹی میں بیٹھنے والے طلبا چاہتے تھے کہ وزیر اعظم امتحان پر چرچہ کریں۔ لیکن وزیر اعظم نے کھلونوں پر چرچہ کی۔ من کی نہیں طلبا کی بات۔
‘واضح رہے کہ کانگریس جے ای ای اور نیٹ امتحانات کورونا وبا کے درمیان منعقد کرنے کے حکومت کے فیصلے کی مخالفت کر رہی ہے۔ اس مسئلے پر کانگریس اقتدار اور اس کی حمایت والی چھ ریاستوں نے سپریم کورٹ میں امتحان ملتوی کرنے کے سلسلے میں نظر ثانی کی عرضی بھی دائر کی ہے۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی اس مسئلے پر اس سے پہلے غیر بی جے پی اقتدار والی ریاستوں کے وزرائے اعلی سے غور و خوض کیا تھا اور سبھی نے کورونا وبا اور اس کی وجہ سے جاری ٹرانسپورٹ کی عدم سہولیات کے پیش نظر یہ امتحان نہ کرانے کی اپیل حکومت سے کی تھی۔