پارلیمنٹ کے احاطے میں بی جے پی کی مدت کار میں پارٹی کے کارگزار صدر جگت پرکاش نڈا نے پارٹی کے جنرل سکریٹری بھوپیندر یادو اور مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کی موجودگی میں مسٹر کشیپ کو بی جےپی کی رکنیت دلائی۔ بعد ازاں مسٹر کشیپ اور راجیہ سبھا میں بی جےپی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر تھاورچند گہلوت نے راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو کو مطلع کیا۔
راجیہ سبھا کے ریکارڈ میں مسٹر کشیپ کو بی جے پی کے رکن کے طور پر تسلیم کر لیا گیا۔
مسٹر کشیپ کے ساتھ ہی کیرلا کے سابق رکن پارلیمنٹ اور سابق رکن اسمبلی عبداللہ کٹی نے بھی بی جے پی کی رکنیت حاصل کر لی۔ مسٹر کٹی پہلے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ (سی پی آئی ایم)کے رکن تھے جنھیں وزیراعظم نریندرمودی کی تعریف کرنے کی وجہ سے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ پارٹی سے نکالے جانے کے بعد وہ کانگریس میں شامل ہوگئے تھے۔ کانگریس نے بھی اسی وجہ سے حال ہی میں ان کی رکنیت معطل کر دی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں تیلگو دیشم پارٹی(ٹی ڈی پی) کے چار اراکین راجیہ سبھا نے اپنی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی کی رکنیت اختیار کی ہے۔ اس طرح راجیہ سبھا میں بی جےپی کے اراکین کی تعداد 75 ہو گئی۔