راہل گاندھی آج دھول پور کے سونپیو میں کانگریس امیدوار کی حمایت میں منعقد جلسے سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ نیائے اسکیم سے پورے ملک کو فائدہ ہونے والا ہے اور دس لاکھ نوجوانوں کو ملک کی پنچایت میں روزگار دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نفاذ سے لوگوں نے مال خریدنا بند کردیا ہے۔ اس سے فیکٹریاں بند ہوگئیں ہیں اور نوکریاں کم ہوگئی ہیں ساتھ ہی بے روزگاری میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیائے یوجنا سے لوگوں کے جیب میں پیسہ آئے گا تو وہ مال خریدیں گے۔ فیکٹریاں شروع ہوں گی اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔
راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ مودی نے گزشتہ پانچ برسوں میں پندرہ امیر لوگوں کے کھاتے میں پانچ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ روپے ڈالے۔ انہوں نے رفائل سودے میں صنعت کار انل امبانی کو فائدہ پہنچایا۔
راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر دھول پور۔ کرولی ریلوے براڈ گیج لائن کا کام روکنے کا الزام بھی عائد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکومت بنی تو اس کام کو پھر سے شروع کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے وقت کانگریس نے کسانوں کا دس دن میں قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا اور راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں کانگریس کی حکومت بننے پر اسے پورا بھی کیا جبکہ مودی نےکسانوں اور نوجوانوں کے ساتھ جھوٹے وعدے کیے۔
انہوں نے طب اور تعلیم میں بہتری کے لیے سرکاری ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنانے اور بلاک سطح پر اسکول اورہسپتال کھولے جانے کا وعدہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون میں تبدیلی لاکر تجارت شروع کرنے کے لیے تین سال تک سرکاری اجازت کی ضرورت نہیں ہوگی۔
راہل گاندھی نے کہا کہ گزشتہ دنوں انہوں نے معاشی ماہرین سے ملک کے غریب لوگوں کے بینک کھاتے میں روپے ڈالنے کا فارمولہ سمجھا اور اس کے بعد انہوں نے غریب کےکھاتے میں سال میں 72 ہزار روپے ڈالنے کی بات کہی۔