نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے تھے، جسے پاکستان نے چار وکٹیں کھو کر حاصل کر لیا۔
پاکستان۔نیوزی لینڈ میچ کی جھلیکیاں، متعلقہ ویڈیو ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور 44 رنز پر اس کے دونوں سلامی بلے باز آؤٹ ہو گئے تھے اس کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے تیسرے وکٹ کے لیے 76 رنز جوڑے اور ٹیم کی حالت مستحکم کی۔حفیظ 32 رنز بنا کر کین ولیمسن کی گیند پرآؤٹ ہوئے اس کے بعد حارث سہیل اور بابر اعظم نے ٹیم کو جیت تک پہنچا دیا۔حارث سہیل نے شاندار بلے بازی کی اور 68 رنز بنائے، جبکہ بابر اعظم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی کپ میں اپنی پہلی سنچری بنائی، انہوں نے 127 گیندوں میں 101 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگیوسن اور کین ولیمسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس کے سرفہرست پانچ بلے باز 83 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے ۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے 41 رنز بنائے لیکن بقیہ دیگر بلے باز کریز پر ٹک نہیں سکے اور وقفے وقفے سے وکٹ گرتے رہے۔ٹیم کے مجموعی اسکور 83 رنز پر نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، اس کے بعد جیمس نیشا اور کولن ڈی گرینڈ ہومے نے چھٹے وکٹ کے لیے 132 رنز کی ساجھے داری کی جس سے ٹیم مستحکم حالت تک پہنچایا۔گرینڈ ہومے رن آؤٹ ہو گئے انہوں نے 71 گیندوں میں 64 رنز بنائے جبکہ جمی نیشام نے 112 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 97 رنز بنائے اور ٹیم کو با عزت اسکور تک پہنچایا۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 10 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئے۔