مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 کے آٹھویں اور آخری مرحلے میں سخت سکیورٹی انتظامات اور کورونا گائڈ لائن کے تحت ووٹنگ جاری ہے۔ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ چار اضلاع کولکاتا، بیربھوم، مالدہ اور مرشدآباد کی 36 سیٹوں پر ووٹ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بی جے پی کے رہنما اور مشہور ومعروف اداکار میتھن چکرورتی نے ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ زندگی میں پہلی مرتبہ پُرامن ووٹ ہوتے ہوئے انہوں نے دیکھا ہے۔
کاشی پور- بیلگھچیا اسمبلی حلقے میں ووٹ ڈالنے کے بعد بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہونے والے میتھن چکرورتی نے کہا کہ یقین ہی نہیں ہو رہا ہے کہ بنگال میں ووٹ چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات 2021 کے پہلے مرحلے سے لے کر آٹھویں اور آخری مرحلے تک جس طرح انتخابات کرائے گئے ہیں اس کے لئے الیکشن کمیشن تعریف کے حق دار ہیں۔
میتھن دا نے کہا کہ پُرامن ووٹنگ دیکھ کر خوشی ہوئی اور یہ بات سمجھ میں آئی کہ ہم اگر چاہ لیں تو کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کیا چاہئے سکون کی زندگی، خوشحالی، روزگار اور بچوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کا نظام. ایک آدمی کو اس سے زیادہ اور کچھ نہیں چاہئے۔
میتھن چکرورتی کا کہنا ہے کہ ابھی تک تو کہیں سے کسی تشدد کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے. ہم امید کرتے ہیں آٹھویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ بھی بغیر خون خرابے کی گزر جائے گی۔