گیا کے مرزا غالب کالج کی گورننگ باڈی کے انتخاب کے تعلق سے آپسی انتشار کی خبریں گزشتہ کئی روز گشت کر رہی ہیں جبکہ مگدھ یونیورسٹی کے رجسٹرار نے کالج انتظامیہ کو انتخابات منعقد کرانے کی ہدایت دی ہے۔
انتخابات کرانے کی ہدایت سے متعلق نوٹس کی ایک کاپی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ایس ایس پی کو بھی روانہ کی گئی ہے۔
یونیورسٹی نے مرزا غالب کالج (گیا) کونسل کے چیئرمین عزیز منیری کے نام سے لیٹر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وقت مقررہ پر انتخاب منعقد کئے جائیں اور اس سے متعلق قانونی مراحل کا خاص خیال رکھا جائے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار نے صاف لفظوں میں ہدایت دیتے ہوئے پٹنہ ہائی کورٹ کی جانب سے مرزا غالب کالج سے متعلق دیئے گئے حکم کی طرف اشارہ دیا ہے۔ جس میں عدالت نے منصفانہ و آزادانہ طور پر ویڈیو گرافی کے ساتھ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔ رجسٹرار نے انتخاب کی ویڈیو گرافی کر کے مگدھ یونیورسٹی میں جمع کرانے کی بھی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ موجودہ کمیٹی کے کچھ اراکین انتخاب کرانے کے حق میں نہیں ہیں۔ کمیٹی کے 11 افراد میں کچھ کی کوشش ہے کہ فائل پر ہی انتخاب کرواکر یونیورسٹی کو رپورٹ سونپ دی جائے جبکہ کچھ اراکین اوپن الیکشن کے حق میں تھے۔ اسی تعلق سے گورننگ باڈی کے اراکین آپسی انتشار کے شکار تھے۔ اس مسئلہ پر گورننگ باڈی اور کچھ کونسلرز کے درمیان میٹنگ بھی ہوئی تھی جس میں زیادہ تر لوگوں نے انتخاب کرانے کی تجویز کی حمایت کی۔
شہر گیا میں موجود مرزا غالب کالج کے کونسلرز کی جانب سے ایک درخواست مگدھ یونیورسٹی کو منصفانہ انتخاب کرانے کے لیے دی گئی تھی جس کے بعد یونیورسٹی کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی۔
مگدھ یونیورسٹی کے رجسٹرار کی جانب سے سخت تاکید کی گئی ہے کہ گورننگ باڈی کے انتخاب کو پٹنہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق منعقد کیا جائے۔
واضح رہے کہ مرزا غالب کالج میں جی بی کے ارکان کے انتخاب کا مرحلہ انتہائی حساس ہوتا ہے جس میں ضلع انتظامیہ پولیس انتظامیہ کے مداخلت کی ضرورت پڑتی ہے۔ موجودہ جی بی کے نائب صدر ایڈوکیٹ شاہ زماں انور نے ڈی ایم اور ایس ایس پی سے گزارش کی ہے کہ انتخاب کو منصفانہ اور غیر جانبدارانہ طور پر منعقد کرانے میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے غیر جانبدارانہ رویہ اختیار کیا جائے۔ حالانکہ ابھی انتخاب کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے کیونکہ موجودہ جی بی کی میعاد فروری 2022 میں مکمل ہوگی۔ ایسے میں کہا جارہا ہے کہ اب گیند کالج کونسل کے چیئرمین کے پالے میں ہے اور انہیں ہی انتخاب کی تاریخ اور وقت مقرر کرنا ہے۔
کالج کونسل کے لیے شناختی کارڈ جو کالج کی جانب سے جاری کیا جائے گا اس کی کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کونسلرز نے شروع کردیا ہے۔ مرزا غالب کالج کی ترقی میں گورننگ باڈی کے ارکان کا انتخاب بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ جی بی کے ارکان ہی کالج کی ترقی کی نئی عبارت لکھتے ہیں یعنی کالج کے ترقی کی سمت اور رفتار طے کرنا جی بی کے ارکان کی ذمہ داری ہے۔ اس میں حکومت کی مداخلت زیادہ کچھ نہیں ہے۔