سکھ یاتریوں کا 'جتھا' جو ہر سال شیرِ پنجاب مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی منانے کے لئے لاہور کے گردوارہ سری دہرہ صاحب کا رخ کرتا ہے۔ اس سال پاکستان نہیں جا سکے گا۔ بدھ کے روز شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) نے ایک بیان میں کہا کہ کووڈ 19 وبا کی وجہ سے پاکستان حکومت نے اس جتھے کو اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
"ایس جی پی سی کے یاترا ڈپارٹمنٹ نے پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) کے صدر ستونت سنگھ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی جنھوں نے بتایا کہ کووڈ 19 کی صورتحال کی وجہ سے بھارتی سکھ یاتریوں کا 'جتھا' جو برسی منانے کے لئے گردوارہ لاہور جانےوالا ہے اسے پاکستان نے اجازت نہیں دی۔ ایس جی پی سی کے میڈیا اسسٹنٹ سکریٹری کلویندر سنگھ رامداس نے یہ اطلاع دی۔
سنگھ نے بتایا کہ 'جتھا' 21 جون کو پاکستان کے لئے روانہ ہونا تھا،29 جون کو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے بعد 30 جون کو بھارت واپس آنا تھا۔ ایس جی پی سی نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی تقریب میں جانے کے لیے جنھوں نے اپنا پاسپورٹ جمع کرایا تھا، وہ یاترا ڈپارٹمینٹ سے اپنے دستاویزات حاصل کرلیں۔