مغربی بنگال میں جاری اسمبلی انتخابات 2021 کے دوران ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بھیانک شکل اختیار کر چکی ہے. ریاست میں یومیہ 15 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے. دارالحکومت کولکاتا اور شمالی 24 پرگنہ سب سے زیادہ متاثر ہے۔
مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی بھیانک صورتحال کے باوجود اسمبلی انتخابات 2021 کے ساتویں اور آٹھویں مرحلے کی ووٹنگ کے لیے انتخابی مہم زور شور سے جاری ہے۔
شمالی دیناج پور کے رائے گنج سے بی جے پی کی رکن پارلیمان اور مرکزی وزیر دیباشری چودھری کو کورونا مثبت پائے جانے کے بعد گھر میں ہی کورنٹائن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے.
ذرائع کے مطابق کولکاتا میں انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کی رکن پارلیمان اور وزیر سوجن چکرورتی کی طبیعت بگڑ گئی. جانچ کے بعد انہیں کورونا میں مبتلا پایا گیا.
مرکزی وزیر دیباشری چودھری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اس کی جانکاری دی. انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نے ہوم کورنٹائن ہونے کی ہدایت دی گئی ہے.
ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر کی حالت مستحکم ہے. انہیں تمام ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے.
واضح رہے کہ چند روز قبل مالدہ ضلع ترنمول کانگریس کی صدر اور راجیہ سبھا رکن موسم بینظیر نور کورونا پازیٹو پائی گئی ہیں. انہیں گھر میں ہی کورنٹائن ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے.
دوسری طرف ندیا ضلع کے کرشنا نگر جنوب سے رکن اسمبلی اور وزیر اجل بسواس اور شمالی 24 پرگنہ کے باراسات سے ترنمول کانگریس کے امیدوار سنجیو چٹرجی کورونا مثبت پائے گئے ہیں. دونوں انتخابی مہم سے دور ہیں.
شمالی دیناج پور کے گوال پوکھر سے ترنمول کانگریس کے موجودہ رکن اسمبلی، وزیر اور امیدوار محمد غلام ربانی کورونا مثبت پائے گئے.
اس کے علاوہ بی جے پی کی رکن پارلیمان (راجیہ سبھا) اور اداکارہ روپا گنگولی کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا پائے جانے کی تصدیق ہوئی تھی.
واضح رہے کہ مرشدآباد ضلع کے شمشیرگنج سے کانگریس کے امیدوار ریاض الحق اور آر ایس پی کے امیدوار پردیپ نندی کی کورونا وائرس کے سبب موت ہو چکی ہے.