ریاست جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں عوامی رابطہ مہم 'بیک ٹو وِلیج' پروگرام کے ساتویں روز شہر میں کافی گہمہ گہمی دیکھنے کو ملی اور نامزد افسروں نے علاقوں کا دورہ کرکے عام لوگوں سمیت خاص کر نوجوانوں کے ساتھ مختلف ترقیاتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
ان افسروں نے کئی سرکاری اداروں اور تنصیبات کا دورہ کیا، اور وہاں کام کاج کا جائزہ لیا اور زیر التوا کاموں کو جلد تکمیل تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔
علاقوں میں اس نوعیت کی پہلی اور منفرد عوامی رابطہ مہم کے انعقاد پر حکومت کی سراہنا کرتے ہوئے اطمینا ن کا اظہار کیا۔
لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس پروگرام کی بدولت ترقی عمل میں بدلاؤ دیکھنے کو ملے گا اور حکومت ایسے پروگرام آئندہ بھی جاری رکھے گی۔
ریاست بھر میں بیک ٹو ولیج مہم کے دوران پسماندہ علاقے کے دورے پر آئے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'عوام کی شکایات کی تفصیلی رپورٹ بنائی جائے گی، اور جن شکایات کو ضلع سطح پر نپٹایا جاسکتا ہے ان پر ضلع سطح پر ہی کارروائی کی جائے گی، اور ریاستی سطح کی مشکلات کو ریاستی انتظامیہ کے پاس پہنچایا جائے گا'۔