پارلیمانی انتخابات 2019 میں کانگریس کی شکست کے بعد پارٹی کے تین رہنماؤں نے راہل گاندھی کو استعفیٰ پیش کیا ہے۔ اب تک پارٹی کے 6 رہنماؤں نے استعفی دے دیا ہے۔
کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے خود بھی استعفیٰ پیش کیا تھا جو بعد میں سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں خارج کیا گیا۔
پیر کے روز تین ریاستی سربراہوں نے پارٹی کی خراب کارکردگی کے سبب اپنا استعفٰی پیش کیا ہے۔ رہنماؤں میں پارٹی کے 6 یونٹ سربراہ، ریاست اترپردیش میں کانگریس کے ریاستی صدر راج ببر، اڑیسہ کے نیرنجن پٹنائک اور مہاراشٹر کے اشوک چوان شامل ہیں۔
پنجاب میں کانگریس کے ریاستی صدر سنیل جھاکر نے بھی اخلاقی طور پر اپنا استعفیٰ ای میل کے ذریعے بھیجھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ سنیل جھاکر کے مقابلہ میں بالی وڈ کے اداکار و بی جے پی کے امیدوار سنی دیول تھے جنہوں نے انہیں پارلیمانی انتخابات 2019 میں شکست دی۔
جھارکھنڈ میں کانگریس کی جانب سے 14 لوک سبھا سیٹوں میں صرف ایک سیٹ پر جیت حاصل کرنے کے بعد ریاستی صدر اجے رائے نے بھی پارٹی کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔
آسام یونٹ کے سربراہ ریپن بورا نے خط میں لکھا کہ ' آسام میں کانگریس پارٹی کی شکست کے جو کچھ وجوہات رہے، میں نہیں جانتا لیکن میرا ضمیر مجھے پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے طور پر کام کرنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے'۔
اڈیسہ میں کانگریس کی جانب سے 9 اسمبلی سیٹوں اور ایک لوک سبھا سیٹ پر جیت حاصل کرنے کے بعد ریاستی صدر نیرنجن پٹنائک نے بھی پارٹی کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔ تحجب کی بات یہ ہے کہ نیرنجن پٹنائک خود 2 اسمبلی سیٹوں پر انتخابات لڑ رہے تھے اور وہ دونوں سیٹوں سے ہار گئے۔ ان کے بیٹے بھی لوک سبھا سیٹ ہار گئے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2019 میں بی جے پی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد نے شاندار جیت درج کی ہے۔ کانگریس کو محض 52 سیٹیں ملی ہیں۔