کولکاتا: الیکشن کمیشن نے کوچ بہار میں پولنگ بوتھ کے باہر جھڑپ اور مرکزی فورسیز کے جوانوں کے ذریعہ فائرنگ میں چار افراد کی موت پر کہا ہے کہ یہ غلط فہمی کے نتیجے میں ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے غلط فہمی کی وجہ سے سیکورٹی فورسیز پر حملہ کردیا اور اس کے بعد سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں کو فائرنگ کرنی پڑی ۔ یہ ای وی ایم اور سرکاری املاک کوبچانے کے لیے ضروری ہوگیا تھا۔
وہیں دوسری جانب اس واقعے کے بعد الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے اسے ایک'منصوبہ بند حملہ' قرار دیتے ہوئے مرکزی فورسیس پر 'قتل' کا الزام عائد کیا ہے۔ بنرجی نے یہ بھی کہا کہ بنگال پولیس سی آئی ڈی (کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ) اس کی تحقیقات کرے گی۔