جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں عوامی شکایات اور مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر گاندربل مظفر احمد نے آج ہفتہ وار بلاک دیوس کے حصے کے طور پر منی سیکٹریٹ گاندربل کے کانفرنس ہال میں عوامی دربار کا انعقاد کیا۔
عوامی دربار میں مقامی لوگوں اور پی آر آئیز کی شرکت دیکھنے میں آئی جنہوں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کو اپنے متعلقہ علاقوں میں مسائل اور شکایات و ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔
مقامی لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے متعلق خاص طور پر موجودہ سڑکوں کی ترقی، آبپاشی نہروں کی صفائی، پانی کی نالیوں کی تجاوزات، پینے کے پانی کی فراہمی اور بجلی میں اضافہ، صحت کی بہتر سہولیات اور عوامی اہمیت کے دیگر مسائل زیر غور لائے گئے۔
اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران اور ان کے ماتحت عملہ موجود تھے جو کم از کم ممکنہ وقت میں شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے کے مقصد سے مقامی لوگوں کے مطالبات اور شکایات کے اندراج اور ازالہ کے لیے پیش پیش رہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے عوامی شکایات کی سماعت کی اور یقین دہانی کرائی کہ حقیقی مسائل کو وقت کے مطابق حل کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کی اہلیت کے مطابق بہت سے مسائل کے ازالے کے لیے موقع پر ہی ہدایات بھی دی۔
مزید پڑھیں:۔ گاندربل: ایل جی کے مشیر بصیر احمد خان کا دورہ
عوام سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے کہا کہ بلاک دیوس کا بنیادی مقصد تمام عوامی مسائل کا جائزہ لینا اور اس کے بروقت اور معیاری تصفیہ کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر تمام متعلقہ اداروں کے حکام سے تعاون مانگا۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈویلپمنٹ ، بلال مختار اور دیگر تمام محکمہ جات کے افسران اس موقع پر موجود تھے۔