مہیپال کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ کووڈ ویکسین لینے کے بعد مہیپال کی حالت بگڑ گئی، جس کے بعد اتوار کی شام اس کی موت ہوگئی۔
چیف میڈیکل افسر ایم سی گرگ نے بتایا کہ مہیپال کو سینے میں درد اور سانس لینے میں تکلیف ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں اس کی موت ہوگئی۔
حالانکہ ایم سی گرگ نے یہ بھی کہا کہ کورونا ویکسین لینے سے کسی کی موت ہو جائے، یہ کہنا مشکل ہے۔ اب پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی وجہ واضح ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ 16 جنوری2021 کو مہیپال نے کورونا کا ٹیکہ دوپہر بارہ بجے لگوایا تھا۔
کورونا ویکسین لینے کے بعد ان کی طبیعت بگڑنے لگی تو وہ اپنے بیٹے کو بلا کر گھر چلے گئے۔
مزید پڑھیں:چینی مصنوعات پر پابندی، امریکہ میں روزگار کا بحران؟
مہیپال کی رات میں زیادہ طبیعت بگڑ جانے پر انہیں ضلع ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا ، جب کہ کورونا ویکسین لینے کے بعد ابھی 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے۔
مرادآباد کے ضلع ہسپتال کے وارڈ بوائے مہیپال سنگھ کی موت کے بعد چیف میڈیکل آفیسر ایم سی گرگ مہیپال کے گھر گئے اور اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ مہیپال سنگھ ضلع ہسپتال میں وارڈ بوائے کی حیثیت سے تعینات تھے۔
ابھی تک مہیپال کی موت کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے، اس کے بعد موت کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔