مغربی بنگال حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ کے ضابطہ اخلاق سخت کئے جانے کے بعد سے ہی گمراہ کن پیغامات شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی میں وشوا ہندو پریشد دھوپ گوڑی یونٹ کے نائب جنرل سیکرٹری کو سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے متعلق افواہ پھیلانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وشوا ہندو پریشد دھوپ گوڑی یونٹ کے نائب جنرل سیکرٹری بیدا ناتھ مشرا کو سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ انہوں نے دھوپ گوڑی میں ریڈ زون نافذ ہونے کی بات لکھ کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ دھوپ گوڑی کے باشندوں کو گھروں سے باہر نہیں نکلنے کا مشورہ دیا تھا۔
وشوا ہندو پریشد دھوپ گوڑی یونٹ کے نائب جنرل سیکرٹری بیدا ناتھ مشرا کو حراست میں لئے جانے پر بی جے پی کے حامیوں نے مخالفت کی۔ بی جے پی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ سیاسی انتقام کے تحت وی ایچ پی کے رہنما کو حراست میں لیا گیا ہے اور انہیں پریشان کیا جا رہا ہے۔