اتراکھنڈ میں بارش کی وجہ سے پیش آئے حادثات سے مرنے والوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے، جس میں صرف کوماؤں ڈویژن میں 58 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر سے جمعہ کو موصول ہونے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 17 سے 19 اکتوبر تک ہونے والی موسلا دھار بارشوں سے پیش آئے حادثات سے ابھی تک نو اضلاع میں 65 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 22 لوگ زخمی ہوئے ہیں، جبکہ دو ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ ضلع نینی تال میں سب سے زیادہ 35 افراد کی موت ہوئی ہے۔
اسی طرح ضلع چمپاوات میں 11، الموڑہ میں چھ ، ادھم سنگھ نگر میں دو، پتھورا گڑھ میں تین اور باگیشور ضلع میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ وہیں گڑوال ڈویژن کے ضلع پوڑی میں تین، چمولی میں ایک اور ضلع اترکاشی میں تین افراد کی موت ہو چکی ہے۔ چمولی میں دو افراد ابھی بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ ریاست میں 60 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 15 لیڈ سلائڈنگ کی زد میں آئے ہیں۔
- مزید پڑھیں: اتراکھنڈ سیلاب: مہلوک کے اہل خانہ کو چار لاکھ کا معاوضہ
- اتراکھنڈ: دس کوہ پیما برفانی تودے کی زد میں آنے سے لاپتہ
دوسری طرف آفت سے ریاست کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ سب سے زائد نقصان ضلع نینی تال کو اٹھانا پڑا ہے۔ یہاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لیے گئے جائزے کے مطابق 7000کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ جس میں بیشتر سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔
(یو این آئی)