پوکھرا: نیپال میں طیارہ حادثے سے قبل کی ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس ویڈیو کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ یہ ایک فیس بک لائیو ویڈیو ہے، جس کو غازی پور کے ایک نوجوان جو خود اس طیارے میں سوار تھا فلائٹ کے لینڈنگ کے وقت فیس بک لائیو کر رہا تھا کہ اچانک جہاز کریش ہو جاتا ہے۔
ویڈیو میں پہلے فلائٹ کے باہر کا منظر دکھایا جاتا ہے، پھر اندر کا منظر، اس وقت طیارے میں تمام مسافر خوش دکھائی دے رہے تھے۔ پھر طیارہ ہوا میں غوطہ لگانے لگتا ہے۔ جس سے چیخ و پکار کی آواز بھی سنی جاسکتی ہے اور پھر اچانک آگ کے شعلے نمودار ہونے لگتے ہیں اور طیارہ گر کر تباہ ہو جاتا ہے۔
سونو جیسوال بظاہر وہ مسافر تھا جس نے ویڈیو شوٹ کیا تھا، مبینہ ویڈیو میں جیسوال کے ساتھ ساتھ جہاز میں موجود دیگر مسافروں کے شاٹس بھی دکھائے گئے ہیں۔ حادثے کا شکار طیارہ میں پانچ بھارتیوں سمیت 72 مسافر تھے۔ جائے حادثہ سے اب تک کل 68 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Nepal plane crash نیپال طیارہ حادثے میں پانچ بھارتی بھی ہلاک
اترپردیش کے ضلع غازی پور کی ڈی ایم آریکا اکھوری نے بتایا کہ نیپال میں طیارہ حادثے میں غازی پور کے 4 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ متوفی کے لواحقین سے رابطے میں ہے۔اس کے ساتھ وہ نیپال کے سفارت خانے سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔ واقعے کے حوالے سے معلومات لی جا رہی ہیں۔جیسے ہی کوئی اپڈیٹ ہوگا، اس کی اطلاع دی جائے گی۔
ضلع مجسٹریٹ نے مزید بتایا کہ ہمارے ضلع کے چار نوجوان وشال شرما، سونو جیسوال، انیل راج بھر اور ابھیشیک کشواہا چاروں دوست غازی پور کی تحصیل قاسم آباد کے رہنے والے تھے۔ انیل راج بھر (28)، وشال شرما (23)، ابھیشیک سنگھ کشواہا (23) اور سونو جیسوال (28) سال کے تھے۔یہ چاروں دوست 13 جنوری کو نیپال کے دورے پر گئے تھے۔