لکھنؤ: اترپردیش کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے ہدف کو دھیان میں رکھ کر آئندہ 10 فروری سے شروع ہونے والے گلوبل انوسٹر سمٹ (یوپی جی ایس آئی۔23) سے پہلے ریاست کو 22لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہونے کا دعوی کیا گیا ہے۔ تین دنوں سے چلنے والی انوسٹر سمٹ کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔ سمٹ میں ملک اور دنیا کے معروف سرمایہ کاروں سمیت سیاسی و معاشی دنیا سے تعلق رکھنے والی ہستیوں کے شرکت کرنے کے امکانات ہیں۔ سمٹ کی تیاریوں کا حتمی شکل دی جارہی ہے۔
آفیشل ذرائع نے ہفتہ کو دعوی کیا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی شبیہ اور ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے تیار کئے گئے ماحول کی وجہ سے اترپردیش کو ہر جگہ گزرے ایام کے ساتھ ملک و بیرون ملک کے بڑے سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہورہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں 10 تا 12 فروری کے درمیان داراحکومت لکھنؤ میں ہونے والے یوپی گلوبل انوسٹر سمٹ سے پہلے ہی ریاست سرمایہ کاری تجاویز و ایم او یو کی شکل میں 22لاکھ کروڑ کے اعداد تک پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے نجی سرمایہ کاری ضروری'
انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں ہفتہ کو ایک اور کامیابی اس وقت درج کی گئی جب ملک کے معروف صنعتی گھرانے آڑ پی ایس جی گروپ نے ریاست میں 10ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ گروپ کے فاونڈ اور چیئرمین ڈاکٹر سنجیو گوینکا نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کے بعد یوپی میں اس بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
یواین آئی