چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن نے جمعرات کو یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے خلاف سخت احتجاج درج کراتے ہوئے کہا کہ یو سی سی سماج کے سماجی تانے بانے کو چیلنج کرنے والا ایک سنگین خطرہ ہے۔
لاء کمیشن کے چیئرمین کو لکھے گئے ایک نیم سرکاری خط میں انہوں نے تمل ناڈو کی جانب سے جو اپنے کثیر ثقافتی سماجی تانے بانے کے لیے جانا جاتا ہے، کی جانب سے یو سی سی کو بھارت میں لاگو کرنے کے خیال کی سخت مخالفت کا اظہار کیا۔ آئینی تحفظات، ثقافتی اور مذہبی تکثیریت، وفاقی ڈھانچہ، سماجی ہم آہنگی، تاریخی تناظر، اقلیتوں کے حقوق، سماجی، اقتصادی اور ہم آہنگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یکساں سول کوڈ میں ریاستی حکومتیں، مذہبی رہنما اور کمیونٹی کے نمائندے شامل نہیں کئے گئے اور ان سے مشاورت نہیں کی گئی ہے، جو قابل قبول حل تک پہنچنے کے لیے بہت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- یو سی سی کا مقصد ان لوگوں کو نشانہ بنانا ہے جو بی جے پی کے خلاف ہیں، اسٹالن
- یکساں سول کوڈ ہندو راشٹرا بنانے کا ڈیزائن ہے، امرتیہ سین
اسٹالن نے لاء کمیشن کے چیئرمین پر زور دیا کہ وہ ان خدشات پر سنجیدگی سے غور کریں اور یکساں سول کوڈ کے ساتھ آگے بڑھنے کی تجویز کو ترک کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قوانین میں یکسانیت کی بجائے تمام لوگوں کے حقوق اور مواقع میں یکسانیت لانا چاہیے۔ اسٹالن نے کہا، ’’ہمیں اس بنیادی اصول کو قبول کرنے کی ضرورت ہے کہ اس متنوع ملک میں یکسانیت کے ذریعے اتحاد اور ترقی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ ہمارے ملک کی طاقت اس کے تنوع میں مضمر ہے اور ہمیں یو سی سی کے ذریعے اسے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے تنوع کو پسند کرنا اور منانا چاہیے۔ (یو این آئی)