حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت بی آر ایس کے کھمم ضلع میں اجلاس کے موقع پر قریب میں سلنڈر پھٹ پڑنے کے واقعہ میں دو شخص کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 8 افراد جھلس گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پارٹی کے کارکنوں اور مقامی لیڈروں نے اس اجلاس کے سلسلہ میں جوش وخروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے آتش بازی کی تاہم اسی دوران پٹاخے گیس سلنڈر پر گر پڑے جو پھٹ پڑا۔
اس واقعہ کے ساتھ ہی آگ لگ گئی اور چاروں طرف افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ مقامی افراد اور پولیس کے مطابق پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ناماناگیشور راو اور رکن اسمبلی رامولو نائک نے کھمم ضلع کے چیملاپاڈو میں اس اجلاس میں شرکت کی۔ ان کے آتے ہی پارٹی کارکنوں نے پٹاخے چھوڑے۔ پٹاخوں کی چنگاریاں قریبی جھونپڑی پر گر پڑیں اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ لگ گئی۔
آگ پر قابو پانے کے لیے پولیس اور مقامی افرادنے پانی ڈالا تاہم جھونپڑی میں موجود گیس سلنڈر کو کسی نے نہیں دیکھا جو اچانک زور دار آواز کے ساتھ پھٹ گیا۔ اس واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر سات افراد شدید زخمی ہوئے۔ جھلس جانے والوں کو پولیس کی گاڑیوں میں کھمم منتقل کیا جارہا تھا کہ ایک کی راستہ میں ہی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اس واقعہ کے بعد اجلاس کو ملتوی کردیاگیا۔ اس واقعہ پر بی آر ایس کے سربراہ و وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے گہرے دکھ کااظہار کیا۔ انہوں نے اس واقعہ کے سلسلہ میں وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کماراور رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشورراو سے تفصیلات حاصل کیں۔ وزیراعلی نے مہلوک کے خاندان کو ممکنہ مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے جھلس جانے والے افراد کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ اسی دوران اس واقعہ پر بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راو نے صدمہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس واقعہ کے بارے میں ضلع عہدیداروں اور پارٹی لیڈروں سے بات کرتے ہوئے زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
یو این آئی