نئی دہلی: زلزلہ زدہ ترکیہ اور شام کو امداد فراہم کرنے میں سب سے زیادہ سرگرم ممالک میں سے ایک بھارت کا ترکیہ کے سفیر فرات صونیل نے پیر کے روز ٹویٹ کرکے بھارت کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے ٹویٹ کیا کہ بھارت کے لوگوں کی طرف سے ہنگامی نوعیت کی امداد کی ایک اور کھیپ ترکیہ کے راستے پر ہے۔ انھوں نے مزید لکھا کہ بھارت کا شکریہ! ہر خیمہ، ہر کمبل یا سلیپنگ بیگ لاکھوں زلزلے سے بچ جانے والوں کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 'آپریشن دوست' کے تحت اب تک 7 طیارے امدادی سامان اور خصوصی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ ترکیہ اور شام بھیج چکا ہے۔ ساتویں پرواز اتوار کو 23 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لے کر شام پہنچی تھی۔یہ امداد مقامی انتظامیہ اور ماحولیات کے نائب وزیر معتز دوآجی نے دمشق کے ہوائی اڈے پر وصول کی۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ 6 فروری کو آنے والے 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے اور اس کے بعد آنے والے دیگر جھٹکوں میں ترکیہ اور شام میں تقریباً 36 ہزار سے زائد افراد ہالاک ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد زخمی اور بے گھر ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
اس سانحے کے فوراً بعد بھارت نے آپریش دوست کے تحت امدادی اور ریسکیو ٹیم بھیج کر دونوں ممالک کی مدد کی، وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ جمعہ کو کہا تھا کہ ہندوستانی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں 'آپریشن دوست' کے حصے کے طور پر "دن رات" کام کر رہی ہیں۔وہ زیادہ سے زیادہ جانوں اور املاک کو بچانے کے لیے اپنی پوری کوشش کرتے رہیں گے۔ اس نازک وقت میں، بھارت مضبوطی سے ترکیہ کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔