ممبئی دہشت گردی کے الزام میں گرفتار مسلم نوجوانوں کے مقدمے کی پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ ابراہیم ہربٹ کے بھائی اور وکالت کے طالب علم عبدالرحمن کو پربھنی پولیس اسٹیشن (parbhani police station) میں زد و کوب کر کے پولیس افسر لٹ پٹے نے ان کی صرف اس لئے تذلیل کی کیونکہ وہ مسلمان تھے اور انہیں زد و کوب کر نے کے بعد ان کی سادہ کاغذ پر دستخط لے کر باقاعدہ طور پر فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک کر نے کی بھی دھمکی دی ہے۔
عبدالرحمن کے بھائی ایڈوکیٹ ابراہیم ہربٹ نے اس معاملہ میں ایس پی جینت مینا سے شکایت بھی کی ہے جبکہ ان کے بھائی عبدالرحمن نے تحریری شکایت میں الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ شکایت میں پولیس افسر لٹ پٹے کو فوری طور پر معطل کر نے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ پولیس کی متعصبانہ کارروائی کے بعد مسلمانوں میں بھی ناراضگی پائی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ پولیس کا رویہ انتہائی جانبدارانہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے پولیس اور اقلیتی طبقہ میں خلاء پیدا ہوتا ہے۔
عبدالرحمن نے اپنے شکایتی مکتوب میں یہ واضح کیا ہے کہ وہ اپنے بھائی کی بیٹی جو لاپتہ ہوگئی تھی، پولیس اسٹیشن میں اس کے ہونے کی اطلاع ملی، جب وہ پولیس اسٹیشن گیے تو پولیس افسر نے ان سے بدتمیزی کرنا شروع کردیا۔ پہلے تو بچی کو تحویل میں دینے سے انکار کر دیا، بعد ازاں بچی کی والدہ کو طلب کیا پھر والدہ کی طبیعت خراب ہونے کا عذر پیش کیا گیا تو انہوں نے والد کو طلب کیا۔
اس دوران پولیس افسر لٹ پٹے نے کہا کہ ''تم سالے پاکستانی طالبانی کھاتے ہمارا ہو اور گاتے پاکستان کا ہو''۔ اس کے بعد نوجوان نے کہا کہ وہ وکالت کا طالب علم ہے اس سے ایسی بدتمیزی نہیں کی جاسکتی اس کے بعد لٹے پٹے کے ساتھ سادہ لباس دو لوگ طیش میں آگئے اور کہا کہ میں بتاتا ہوں تیرے ساتھ کیا کرنا چاہئے۔ اس کے بعد انہیں زد و کوب کیا گیا اور جب میں نے اس کا ویڈیو تیار کرنا شروع کیا تو موبائل چھین لیا گیا اور مجھے ویڈیو حذف کر نے کو کہا گیا، ان سب کے بعد مجھے کوئی احساس نہ رہا اور پھر میں گھر واپس لوٹ آیا۔ اسی دوران سادہ کاغذ پر میرا دستخط بھی لیا گیا۔
عبدالرحمن کے بھائی نے اس واقعہ کا ایک جذباتی ویڈیو وائرل کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ این آئی اے سمیت اے ٹی ایس اور دیگر ایجنسیوں کے ذریعہ گرفتار ملزمین کا مقدمہ لڑتے ہیں۔ اس دوران انہیں کئی دھمکیاں بھی ملیں لیکن وہ کبھی اتنا خوفزدہ نہیں ہوئے لیکن پولیس نے جو دھمکیاں میرے گھر والوں کو دی ہیں، اس سے میں بہت زیادہ متاثر اور خوفزدہ ہوں۔ اب مجھے ڈر لگنے لگا ہے۔
اس لئے ویڈیو میں ابراہیم ہربٹ نے باقاعدہ طور پر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں انکی مدد کر نے کے ساتھ ان کے بھائی کو انصاف دلانے کیلئے ان کے ساتھ ایس پی آفس جاکر شکایت درج کروانے کے علاوہ لٹ پٹے کو معطل کرنے کامطالبہ کریں۔
اس سلسلے میں پربھنی کے ایس پی جینت مینا نے کہا کہ اس پورے معاملے کی انکوائری کے احکامات دئیے گئے ہیں اور انکوائری جاری کی ہے۔ اس سلسلے میں مزید کچھ کہنے سے گریز کر تے ہوئے انہوں نے فون ہی بند کر دیا۔