افغانستان میں طالبان نے عبوری حکومت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'ملا محمد حسن اخوند عبوری وزیراعظم ہوں گے'۔ گذشتہ روز طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک پریس کانفرنس میں عبوری حکومت کے لیے کابینہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملا محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ہوں گے، جبکہ ملا عبدالغنی برادر اورمولوی عبدالسلام حنفی نائب وزرائے اعظم ہوں گے۔ آج قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے کابینہ کے ارکان کی مکمل فہرست جاری کی ہے۔
'جیو نیوز' کے مطابق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان سے جنگ کی تمام وجوہات ختم ہوچکی ہیں اور عوام پہلی بار جامع سلامتی اور امن سے لطف اندوز ہورہے ہیں، مضبوط اسلامی نظام کے قیام کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان، ایران، چین اور روس طالبان سے معاہدے کیلئے کام کر رہے ہیں: جو بائیڈن
انہوں نے کہا کہ جن وزارتوں، محکموں اور اداروں کے سربراہان کا اعلان نہیں کیا گیا ان سے متعلق مشاورت جاری ہے اور جلد ان کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔ محمد نعیم کی جاری کردہ فہرست میں کابینہ کے ارکان اور اداراتی سربراہان کی تعداد 33 بتائی گئی ہے جس میں رد و بدل اور اضافہ بھی ممکن ہے۔
یو این آئی