آل راؤنڈر تاہلیا میک گرا تھ کی 42 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کی بدولت آسٹریلیا خواتین کرکٹ ٹیم نے ہفتہ کو یہاں دوسرے ٹی 20 میچ میں ہندوستانی خواتین ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کر لی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا 20 اوورز میں نو وکٹوں پر صرف 118 رنز بنا سکی۔ جواب میں آسٹریلیا نے 19.1 اوورز میں چھ وکٹوں پر 119 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ میک گراتھ نے اس فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ میک گراتھ نے 42 رنز کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کی بنیاد پر ٹیم کو فتح دلائی۔ انہوں نے 33 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ جارجیا ویرہم نے آخر میں ان کا ساتھ دیا اور سات گیندوں پر 10 رنز بنائے جس میں دو چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ اوپنر بیتھ مونی نے 36 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 34 اور کپتان میگ لیننگ نے 20 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے۔ تاہلیا میک گراتھ کو میچ جیتنے والی اننگز کے لیے 'پلیئر آف دی میچ' قرار دیا گیا۔
ہندوستانی گیندبازوں نے اچھی بولنگ کی لیکن ا سکور کا دفاع نہ کر سکے۔ لیفٹ آرم اسپنر راجیشوری گائیکواڈ نے چار اوورز میں 21 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ کپتان ہرمن پریت کور ، دپتی شرما اور شیکھا پانڈے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل بلے بازی میں پوجا وستراکر نے 26 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے جبکہ ہرمن پریت نے 20 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں:ٹی 20 عالمی کپ: عمران ملک کا نیٹ بالر کے طور پر انتخاب
آسٹریلیا کی جانب سے ٹائلا ولیمینک اور سوفی مولینکس نے دو ، دو جبکہ ایشلے گارڈنر ، جارجیا ویرہم اور نکولا کیری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ کل کھیلا جائے گا۔ اس وقت آسٹریلیا کو ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے۔ جمعرات کو پہلا میچ بارش کی وجہ سے آدھے میں ہی منسوخ کر دیا گیا تھا۔
یواین آئی