ریاست اترپردیش میں کانگریس پارٹی کی انچارج پرینکا گاندھی کے جھاڑو لگانے پر وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ کئے گئے تبصرہ کو کانگریس انتخابی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس کارکنان اب ضلع ضلع میں جھاڑو لگاکر ریاستی حکومت کو گھیرنے کا کام کررہے ہیں. کانگریس اس ہتھیار کا منظم استعمال کرتے ہوئے دلت طبقات کو بھی اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کررہی ہے.
کانگریس پارٹی کے ضلعی صدر محمد محسن کی قیادت میں شہر کے والمیکی مندر میں صاف و صفائی کی گئی اور ریاستی حکومت کو یہ پیغام دیا گیا کہ کوئی کام چھوٹا نہیں ہوتا ہے بلکہ یہ شرف کی بات ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ مدھیہ پردیش کے نیمچ میں درگاہ کو شر پسندوں نے نقصان پہنچایا
واضح رہے کہ پرینکا گاندھی کو لکھیم پور جاتے ہوئے راستے سے حراست میں لے لیا گیا تھا اور ان کو ایک گیسٹ ہاؤس میں رکھا گیا تھا جہاں انہوں نے جھاڑو لگائی، جس کا ویڈیو کافی وائرل ہوا تھا، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تبصرہ کیا تھا کہ کانگریس کو عوام نے جھاڑو لگانے والا بنادیا ہے۔ اس پر اب پرینکا گاندھی کے ساتھ کانگریس کے دیگر کارکنان نے جھاڑو لگانا شروع کردیا ہے۔