دہلی: سپریم کورٹ نے گودھرا ٹرین آتشزدگی سانحہ کے قصوروار فاروق کو ضمانت دے دی ہے۔ کورٹ نے اس حقیقت پر غور کرتے ہوئے ضمانت دی ہے کہ وہ (مجرم) پہلے ہی اپنی سزا کے 17 سال کاٹ چکا ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بینچ نے سُپریم کورٹ میں زیر التوا اپیل میں فاروق کی طرف سے دائر مداخلت کی درخواست پر یہ حکم دیا۔ سی جے آئی ڈی وائی چندرچوڑ نے ضمانت کا حکم سناتے ہوئے کہا کہ 'مقدمہ کے حقائق میں ملزم نمبر 4 فاروق کی طرف سے دائر ضمانت کی درخواست کو منظور کیا جاتا ہے۔ درخواست گزار کو دفعہ 302 آئی پی سی کے تحت قابل سزا جرم کا قصوروار قرار دیا گیا تھا اور اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے 9 اکتوبر 2017 کو اس کی اپیل کو رد کر دیا تھا۔
چیف جسٹس آف انڈیا نے کہا کہ تازہ اپیل میں درخواست گزار نے اس بنیاد پر ضمانت کی درخواست کی ہے کہ وہ 2004 سے زیر حراست ہے اور تقریباً 17 سال قید کی سزا کاٹ چکا ہے۔ کیس کے حقائق، حالات اور درخواست گزار کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم ہدایت کرتے ہیں کہ درخواست گزار کو ضمانت دی جائے۔ درخواست گزار کو ایسی شرائط و ضوابط کے تحت ضمانت دی جائے گی جو سیشن کورٹ کی طرف سے عائد کی جا سکتی ہیں۔