بھونیشور: اوڈیشہ کے ٹاٹا اسٹیل پلانٹ میں بھاپ کے اخراج سے کئی ملازمین جھلس گئے۔ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس حادثے میں پلانٹ میں کام کرنے والے تقریباً 19 ملازمین شدید زخمی ہو گئے۔ شدید زخمیوں کو کٹک کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دوسری جانب ٹاٹا اسٹیل کی جانب سے ٹویٹ کرکے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔
ٹاٹا اسٹیل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈھینکنال، اڈیشہ میں ٹاٹا اسٹیل میرامانڈلی بی ایف پی پی 2 پاور پلانٹ میں بھاپ کے اخراج سے حادثہ پیش آیا ہے۔ یہ حادثہ منگل کی دوپہر 1:00 بجے پیش آیا۔ اس واقعہ میں جائے وقوعہ پر کام کرنے والے کچھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ جنہیں فوری علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کے فوری بعد تمام ایمرجنسی پروٹوکول سروسز کو بحال کر دیا گیا ہے۔ فی الحال پلانٹ بند ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گیس لیک ہونے کے بعد پلانٹ میں موجود اسٹیم پائپ پھٹ گئی، جس سے دھماکہ ہوا۔ اس وقت وہاں کام کرنے والے کچھ مزدور اور انجینئر شدید زخمی ہو گئے تھے۔ گرم پانی ان پر گرنے سے بعض ملازمین جھلس بھی گئے ہیں۔ 19 شدید زخمی ملازمین کو پلانٹ کے اندر موجود میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جس کے بعد انہیں کٹک کے ایک پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے دو ملازمین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔