سماجو ادی پارٹی(ایس پی) پر دلت پیار کا دکھاوا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے کہا کہ ذات۔ پات کی دشمنی میں ایس پی نے اپنے میعاد کار میں دلت و پچھڑے سماج کے عظیم سنتوں کے نام سے شروع کی گئی پروجکٹوں، اداروں کے نام تبدیل کر دئیے تھے۔
مایاوتی نے پیر کو ٹویٹ میں لکھا' ایس پی شروع سے ہی دلتوں و پسماندہ سماج پر پیدا ہونے والے سنتوں، گروؤں و مہاپرشوں کی توہین کا ارتکاب کرتی رہی ہے جس کی اہم مثال ہے ضلع فیض آباد میں بنایا گیا نیا امبیڈکر نگر ضلع۔ بھدوہی کو نیا ضلع سنت رویداس نگر بنانے کا بھی انہوں نے مخالفت کی اور ایس پی نے اس کا نام تک تبدیل کردیا۔
انہوں نے کہا' اسی طرح سے یوپی کے متعدد اداروں و اسکیمات وغیرہ کے نام ذاتی دشمنی کی وجہ سے تبدیل کئے گئے ہیں۔ ایسے میں ایس پی کے ذریعہ د لت عظیم شخصیات اور ان کے ماننے والوں کے تئیں عزت و تکریم و سیکورٹی کی امید کیسے کی جاسکتی ہے۔ چاہے اب یہ پارٹی ان کے ووٹ کی خاطر کتنی بھی ناٹک بازی کیوں نہ کر لے۔
یواین آئی