این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی کو آئندہ صدارتی انتخابات پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اجلاس میں مدعو کیا ہے جبکہ اویسی نے اورنگ آباد کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل کو میٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے مجلس کی نمائندگی کرنے کی ہدایت دی۔ Asaduddin Owaisi's Party Invited To Opposition Meet On Presidential Election
اے آئی ایم آئی ایم نے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ اسد الدین اویسی نے شرد پوار کی دعوت کے لیے شکریہ ادا کیا اور اورنگ آباد کے ایم پی امتیاز جلیل کو میٹنگ میں اے آئی ایم آئی ایم کی نمائندگی کے لیے مقرر کیا ہے۔ این سی پی، ترنمول کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے 15 جون کو نئی دہلی میں ایک میٹنگ کی تاکہ صدارتی انتخابات میں این ڈی اے کے خلاف مشترکہ امیدوار کھڑا کرنے پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔
کئی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں نے شرد پوار پر زور دیا تھا کہ وہ صدارتی انتخابات کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار بنیں، لیکن پوار نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی طرف سے بلائی گئی میٹنگ میں اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے شرد پوار کی تجویز کو مسترد کیے جانے کے بعد فاروق عبداللہ اور مغربی بنگال کے سابق گورنر گوپال کرشن گاندھی کو اپوزیشن کے ممکنہ امیدواروں کے نام تجویز کیے تھے۔
لیکن گوپال کرشن گاندھی نے پیر کو اپوزیشن رہنماوں کی جانب سے صدارتی انتخاب لڑنے کی درخواست کو مسترد کر دیا، جب کہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے پہلے ہی اس پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔ صدارتی انتخاب 18 جولائی کو ہونا ہے۔ صدر رام ناتھ کووند کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Owaisi in Ranchi: اویسی کا مظاہرین پر فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ