پٹنہ: بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے ساتویں رکن کے طور پر کانگریس کے رکن اسمبلی شکیل احمد خان منتخب ہو گئے ہیں، ووٹنگ میں کل 16 اراکین اسمبلی نے حصہ لیا تھا، جس میں شکیل احمد خان کو چھ، آفاق احمد خان کو چھ اور اظہار الحسن کو تین ووٹ ملے جبکہ ایک ووٹ غلط قرار دیا گیا۔ شکیل خان اور آفاق احمد کے ووٹ برابری کے بعد محکمہ اقلیتی فلاح کی پرنسپل سکریٹری سفینہ اے این نے وقف بورڈ کے آئین کے تحت قرعہ اندازی کرانے کا فیصلہ لیا، جس میں شکیل احمد خان کی جیت ہوئی۔
اس طرح ایم ایل اے ایم ایل سی کوٹہ سے اب بورڈ کو ساتویں رکن کے طور پر شکیل احمد خان منتخب ہو گئے۔ وقف بورڈ کی 70 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی رکن کے لئے ووٹنگ ہوئی، شکیل خان کی میعاد 2025 تک رہے گی، پرنسپل سکریٹری سفینہ اے این نے شکیل احمد خان کو سرٹیفیکیٹ پیش کیا۔ شکیل احمد خان کے منتخب ہونے کے بعد سنی وقف بورڈ کے چیئرمین الحاج ارشاد اللہ نے پھول مالا پہنا کر انہیں مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ارشاد اللہ نے کہا کہ شکیل احمد خان کی شکل میں بورڈ کو ممبر ملنا خوش آئند ہے، شکیل خان دیگر کاموں کے ساتھ بورڈ کے کاموں میں دلچسپی لیتے رہے ہیں اور موقع بموقع مشورے سے نوازتے رہے ہیں، وقف کے تعلق سے ان کا گہرا مطالعہ ہے، اب باضابطہ رکن منتخب ہونے سے بورڈ مزید فعال ہوگا اور ہم سب مل کر وقف بورڈ کے کام کاج کو نئے عزم و حوصلہ کے ساتھ مزید بہتر بنائیں گے۔
اس موقع پر نومنتخب رکن شکیل احمد خان نے کہا کہ جن ممبران نے مجھے ووٹ کیا ان کا میں شکریہ ادا کرتا ہوں اور جنہوں نے نہیں دیا ان کا بھی شکریہ، چونکہ انتخابی معاملے میں ووٹ کا حق کسی ایک کی حمایت میں ہی جائے گا، اب جبکہ میں منتخب ہو گیا ہوں تو میری کوشش ہوگی کہ بورڈ کے جو اصول و ضوابط ہیں اس کے تحت کام کر سکوں اور بورڈ کے کاموں کو مزید بہتر کس طرح بنایا جا سکے اس پر چیئرمین موصوف کی توجہ دلاتا رہوں، حالانکہ چیئرمین ان معاملوں میں مجھ سے زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ مثبت فکر اور عوام کے فلاح و بہبود کے لیے جو بھی بہتر اقدام ہو سکتے ہیں اس پر کام کروں۔ اس موقع پر کاؤنٹنگ انچارج کی حیثیت سے اشوک کمار داس، بورڈ کے سی ای او خورشید احمد صدیقی موجود رہے۔