امروہہ کے باون کھیڑی میں اپنے ہی کنبے کے سات افراد کے بہیمانہ قتل کے جرم میں سزائے موت پانے والی مجرمہ شبنم ان دنوں کافی سرخیوں میں ہے۔
دراصل ایک خاتون قیدی کے ساتھ شبنم کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے، بتایا جا رہا ہے کہ یہ تصویر رام پور ڈسٹرکٹ جیل میں لی گئی ہے تاہم جب اس معاملے کی تحقیقات کی گئی تو یہ معاملہ صحیح پایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اس معاملے میں ایک خاتون اور مرد جیل گارڈ کو معطل کردیا گیا ہے اور محکمہ جاتی کارروائی بھی کی جارہی ہے۔
وہیں اس وجہ سے ضلع مجسٹریٹ نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمہ شبنم اور ایک دیگر کو رام پور جیل سے بریلی ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا ہے۔
اس معاملے کے تعلق سے جیل سپرنٹنڈنٹ پی ڈی سلونیا نے بتایا کہ ضلع جیل رام پور میں شبنم اور ایک خاتون قیدی کی تصویر وائرل ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم کے مطابق دونوں خواتین قیدیوں کو یہاں سے منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شبنم کیس: وکیل اے پی سنگھ نے سزائے موت کے خاتمے کا مطالبہ کیا
واضح رہے کہ امروہہ کے باون کھیڑی گاؤں میں شبنم نے اپنے عاشق سلیم کے ساتھ مل کر اپنے ہی کنبے کے سات افراد کا قتل کردیا تھا۔ اس گھناؤنے جرم کی مرتکب شبنم اور سلیم کی پھانسی کو فی الوقت موخر کردیا گیا ہے، لیکن ساتھ ہی اس پر یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ اسے پھانسی دی جائے یا نہیں۔