مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے ووٹوں کی گنتی دو مئی یعنی آج اتوار کو ہورہی ہے. جس کی تمام تر حفاظتی انتطامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹوں کی گنتی کے تمام مراکز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے. ریاست کے تمام مراکز پر مرکزی فورسز کی 242 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کورونا گائڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ تمام سکیورٹی انتظامات کے باوجود شمالی 24 پرگنہ کے مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
خبروں کے مطابق شمالی 24 پرگنہ کے باراسات، بشیرہاٹ، دے گنگا، بھاٹ پاڑہ، نئی ہٹی اور حالی شہر میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ باراسات، بشیرہاٹ اور دے گنگا جیسے مسلم اکثریتی علاقوں میں ووٹوں کی گنتی سے قبل ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامی آمنے سامنے آگئے. جب کہ ان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
بھاٹ پاڑہ علاقے میں واقع ترنمول کانگریس کے پارٹی دفتر کے سامنے نامعلوم شرپسندوں نے سیاسی رہنما (ترنمول کانگریس ) نور جمال کو گولی ماری اور فرار ہوگئے۔ نئی ہٹی اور حالی شہر میں ترنمول کانگریس کے پارٹی دفتروں پر بموں سے حملے کئے گئے جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کلکتہ ہائی کورٹ پہلے ہی ووٹوں کی گنتی والے دن سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ کورونا گائڈ لائنس پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دے چکی ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے دن سیاسی سرگرمیوں کی معطلی کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے پارٹی دفتروں کو بند رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کا آج وقفہ وقفہ سے اعلان کیا جارہا ہے. یہ اسمبلی انتخابات 27 مارچ تا 29 اپریل کے درمیان آٹھ مراحل منعقد کئے گئے تھے۔ 294 اسمبلی سیٹوں میں سے 292 سیٹوں کے نتائج دو مئی کو آنے والے ہیں. شمشیر گنج اور جنگی پور اسمبلی کے امیدواروں کی موت کے بعد وہاں 16 مئی کو الیکشن کرائے جائیں گے۔