نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے منگل کو کہا کہ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کو پیسے اور لالچ سے پاک رکھنے کے لیے اپنی چوکسی کی وجہ سے اس بار ریاست میں انتخابی مہم کے دوران کل 375 کروڑ روپے نقد اور دیگر اشیاء ضبط کی گئیں۔ کمیشن نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ ضبطی گزشتہ انتخابات کے دوران اسی طرح کی کارروائی میں ضبط کی گئی نقدی، منشیات اور دیگر سامان سے 4.5 گنا زیادہ ہے۔ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ کے تحت کام کرنے والی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ریاست میں ماڈل ضابطہ اخلاق کے نافذ ہونے کے بعد 288 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کئے ہیں۔
معدنی دولت، ثقافتی وراثت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سروس کے بزنس اور مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے نقطہ نظر سے اس اہم ریاست کی 224 رکنی اسمبلی کے لیے بدھ کو ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔کمیشن نے کہا کہ اس بار اپنی چوکسی مہم کے تحت کل تک 147.46 کروڑ روپے نقد، 84 کروڑ روپے کی 22.27 لاکھ لیٹر شراب، 23.7 کروڑ روپے کی منشیات، 96.6 کروڑ روپے کے جواہرات اور 24.21 کروڑ روپے کا دیگر سازو سامان ضبط کیا گیا ہے۔ ان کی کل مالیت 375.61 کروڑ روپے ہے۔سال 2018 کے اسمبلی انتخابات کے دوران بھی اسی طرح ریاست میں تقریباً 84 کروڑ روپے کی نقدی اور دیگر اشیاء ضبط کی گئی تھیں۔
کمیشن نے ریاست میں انتخابی مہم کے دوران چوکسی رکھنے کے لیے اخراجات پر نظر رکھنے کے لئے اس بار 146 مبصرین کا تقرر کیا ہے ۔ ریاست بھر میں 81 اسمبلی حلقوں کی شناخت اخراجات کے لحاظ سے حساس حلقوں کے طور پر کی گئی ہے۔کرناٹک اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے انتخابی عمل کے دوران ترغیبات کی تقسیم پر سخت نگرانی اور زیرو ٹالرینس پر زور دیا۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ کرناٹک میں چوکسی مہم کی شکل میں جو قبضے کی کارروائیاں کی گئی ہیں وہ حوصلہ افزا ہیں۔ منصفانہ انتخابی چوکسی کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں بنگلورو میں بھاری مقدار میں شراب اور کولار ضلع کے بنگارپیٹ وغیرہ سے 4.04 کروڑ روپے نقد ضبط کیے گئے۔ اسی طرح حیدرآباد میں غیر قانونی الپروزولم لیب پر چھاپہ مارا گیا اور این سی بی کے ذریعہ ٹریل میپنگ کی گئی، بیدر ضلع میں 100 کلو گرام گانجہ ضبط کیا گیا، کلبرگی، چمگلور اور دیگر اضلاع سے ساڑیاں اور فوڈ کٹس ضبط کی گئیں۔ بیلہونگل اور کنیگل اور دیگر مقامات سے بڑی تعداد میں پریشر ککر اور کچن کا سامان بھی ضبط کیا گیا۔ بیدر ضلع کے گاندھی گنج پولیس اسٹیشن میں گانجہ اور بیلگاوی ضلع کے بیلہونگل کے مقامات سے پریشر ککر، ساوادتی وغیرہ ایک گودام سے 1000 سے زیادہ سلائی مشینیں ضبط کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: Karnataka Assembly Election بیدر جنوب اسمبلی حلقہ میں 20 لاکھ سے زائد رائے دہندے
یو این آئی