نئی دہلی: شہری ہوا بازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے کولہاپور اور بنگلور کے درمیان براہ راست پرواز سروس کو ہفتہ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ شہری ہوا بازی کی وزارت کی ایک ریلیز کے مطابق، یہ پرواز انڈیگو ایئر لائنز کے ذریعے چلائی جا رہی ہے اور ہفتے کے ہر دن کم قیمت پر دستیاب ہوگی۔ اس سروس کے افتتاح کے موقع پر شہری ہوابازی کے وزیر مملکت جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر وی کے سنگھ بھی موجود تھے۔
یہ پرواز 6E 7427 بنگلورو سے دوپہر 2:50 بجے روانہ ہوگی اور 4:45 بجے کولہاپور پہنچے گی۔ کولہاپور سے 6E 7436 فلائٹ شام 5:05 بجے روانہ ہوگی اور 6:50 منٹ میں بنگلورو پہنچے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھیا نے کہا کہ ان کی وزارت کولہاپور میں ہوا بازی کی سہولیات کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ کولہاپور میں 245 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے ایک نیا ہوائی اڈہ ٹرمینل، رن وے کی توسیع اور نیا ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خواب اور مشن کے مطابق ملک کے تمام علاقوں میں فضائی خدمات کی توسیع کا کام جاری ہے۔
جنرل وی کے سنگھ نے اس موقع پر کولہاپور کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں کاروباری سیاحت اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ تقریب میں لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے سداشیو راؤ منڈلک، ایم ایل اے رتوراج سنجے پاٹل، شہری ہوا بازی کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری ایس کے مشرا، انڈیگو کے پرنسپل مشیر آر کے سنگھ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
یو این آئی