نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کورونا وبا اور یوکرین کے جنگ کی وجہ سے اپنے غیر ملکی کالجوں میں میڈیکل گریجویشن (ایم بی بی ایس) کے آخری سال کے امتحان میں شرکت کرنے سے قاصر ہندوستانی طلباء کو انسانی بنیادوں پر ایک بار راحت دیتے ہوئے امتحان کے لئے زیادہ سے زیادہ دو کوششوں کی منگل کو اجازت دی۔ جسٹس بی آر گاوائی اور جسٹس وکرم ناتھ کی بنچ نے مرکزی حکومت کی تجویز کو ترمیم کے ساتھ منظور کرتے ہوئے یہ اجازت دی۔عدالت عظمی سے پہلے مرکزی حکومت نے میڈیکل کے طلبہ کو صرف ایک کوشش میں امتحان دینے کی تجویز پیش کی تھی۔
یوکرین، چین، روس، فلپائن وغیرہ جیسے ممالک میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں ہندوستانی طلباء وبائی امراض اور پھر یوکرین روس جنگ کی وجہ سے بیرون ملک اپنے کالج نہیں جاسکے تھے۔ ایسے طلبہ کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے عدالت عظمی نے مرکزی حکومت اور نیشنل میڈیکل کمیشن سے کہا تھا کہ وہ انسانی بنیادوں پر ایسے طلبہ کو راحت فراہم کرنے کا کوئی طریقہ تلاش کریں۔ مرکز نے عدالت کو بتایا تھاکہ اس نے اس معاملے میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی کی رپورٹ میں طلبہ کو ریلیف دینے کی سفارش کی گئی تھی۔مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریہ بھاٹی نے سپریم کورٹ کو کمیٹی کی سفارش پر مبنی مرکزی حکومت کے فیصلے کے بارے میں آگاہ کرایا تھا۔
یو این آئی