کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید اور پرمود تیواری کو پولیس نے لکھیم پور جانے سے روک دیا۔ پولیس نے صبح سے لال بہادر شاستری مارگ پر واقع گھر کے باہر گھیرابندی کر دی تھی۔ سلمان خورشید نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ لکھیم پور جانا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر پرینکا گاندھی کو لکھیم پور جاتے ہوئے روکا گیا جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم وہاں پہنچیں۔ میں یہاں پرمود تیواری جی کے ساتھ آیا تھا۔ پرمود تیواری جی کو گھر میں بند رکھا ہوا ہے اور میں بھی ان کے ساتھ گھر میں بند ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں ان کے ساتھ ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ جمہوریت کو بندی نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:
نظربند ہونے کے بعد پرینکا گاندھی کا گیسٹ ہاؤس میں جھاڑو لگانے کا ویڈیو وائرل
کانگریس کے سینئر لیڈر پرمود تیواری نے کہا کہ ظلم کی توقع کی جا رہی ہے۔ پرینکا گاندھی کو رات گئے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جا کر قانونی مدد دینا چاہتے ہیں۔ وہاں جانے کے بعد بھی ہم قانون پر عمل کریں گے ، قانون کی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔