نئی دہلی: نکی یادو کے مبینہ قتل کے چند دن بعد دہلی پولیس نے مرکزی ملزم ساحل گہلوت کے والد سمیت پانچ دیگر ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔ پولیس نے کہا کہ ساحل کے والد پر اپنے بیٹے کی 'سازش' میں مدد کرنے کا الزام ہے۔ اسپیشل کمشنر آف پولیس (کرائم) رویندر یادو نے بتایا کہ ملزم ساحل کے والد، دو کزن آشیش اور نوین اور دو دوستوں امر اور لوکیش سے پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ساحل کا کزن نوین دہلی پولیس میں کانسٹیبل ہے۔
رویندر یادو نے کہاکہ مرکزی ملزم ساحل گہلوت سے پولیس حراست کے دوران طویل پوچھ گچھ کی گئی۔ مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ملزم ٹوٹ گیا اور پولیس کو بتایا کہ نکی اسے کسی دوسری لڑکی سے شادی نہ کرنے کا کہہ رہی تھی، کیونکہ دونوں (ساحل اور نکی) کی شادی 2020 میں ہوئی تھی۔ پولیس نے کہا کہ نکی اس کے اہل خانہ کے ذریعہ دس فروری کو کسی دیگر لڑکی کے ساتھ طے کی گئی شادی کے حق میں نہیں تھی۔ اس کے بعد ملزمان نے مبینہ طور پر سازش کی اور نکی کو اپنے راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔ یادو نے کہاکہ ساحل نے نکی کے قتل کی منصوبہ بندی کی اور اسے انجام دیا اور اسی دن شریک ملزمان کو بتایا اور پھر سبھی شادی کی تقریب میں شریک ہوئے۔
یواین آئی