اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد دل بدل کے کھیل میں بی جے پی کو ترنمول کانگریس کے ہاتھوں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل دل بدل کے کھیل کی پہلی اننگز میں شھبندو ادھیکاری کے طور پر بی جے پی کو بڑی کامیابی ملی تھی۔
لیکن اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد شروع ہونے والا دل بدل کے کھیل کی دوسری اننگز میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے مکل رائے اور شبرانسو رائے کو اپنی پارٹی میں شامل کرکے سارا حساب کتاب چکتا کیا۔
اسی درمیان شمالی 24 پرگنہ کے بدھان نگر میونسپل کارپوریشن کے سابق میئر سباشاچی دتہ نے بی جے پی کو چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی بھی رہنما سے بی جے پی کو چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کی بات کہی ہے اور نہ ہی کسی کو خط لکھا ہے۔
بدھان نگر میونسپل کے سابق میئر کا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی میں خوش ہیں۔ بی جے پی میں رہنے سے ان کا نہ دم گھٹتا ہے اور نہ ہی سانس لینے میں کوئی تکلیف ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگال کی سیاست میں اس وقت افواہوں کا بازار گرم ہے۔
کسی بھی رہنما کو لے کر کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ترنمول بھون میں مکل رائے اور ان کا بیٹا شبرانسو رائے بی جے پی کو چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے۔ اس سے قبل اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے ہی مشہور فٹبالر دیپندو بسواس سمیت بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں. قیاس آرائی ہے کہ بی جے پی میں شامل ہونے والے متعدد رہنما ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کے لئے کوشش تیز کر دی ہیں۔