بھارت کے سابق کرکٹر ونود کمبلی کا خیال ہے کہ 2021 کے ورلڈ کپ کے بعد اوپننگ بیٹسمین روہت شرما ٹی 20 میں بھارت کے کپتان ہوں گے۔
کمبلی نے کہا کہ "اب ویراٹ کوہلی کپتانی سے سبکدوش ہو رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ روہت کو موقع مل سکتا ہے۔ ویراٹ اب اپنی پوری صلاحیت سے کھیلیں گے کیونکہ اب ان پر کوئی دباؤ نہیں ہوگا۔ میں چاہتا ہوں کہ ویراٹ آزادانہ طور پر کھیلیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ روہت ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کی کپتانی کا عہدہ سنبھالیں گے کیونکہ انہوں نے ممبئی انڈینز کو کئی بار جیت دلائی۔
مزید پڑھیں:۔ وراٹ کوہلی کا بڑا فیصلہ، ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد چھوڑیں گے کپتانی
کوہلی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کپتان کے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ رواں برس اکتوبر/ نومبر میں متحدہ عرب امارات میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلا جائے گا۔
کمبلی نے کہا کہ "اب ہر کوئی ٹی 20 میں ویراٹ کی صلاحیت کو دیکھے گا۔ میں ورلڈ کپ میں بھارت، پاکستان کے درمیان میچ کا منتظر ہوں، ان میچوں میں اچھی کارکردگی کا دباؤ اور بے تابی بہت زیادہ ہے۔"